پاکستان

پیرس میں بارش ہوتو سڑکیں پانی میں نہیں ڈوبتیں:عمران خان

جب روپے کی قدر کم ہوتی ہے تو قوم کی غربت بڑھتی ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی لکشمی اور جی پی او چوک کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش میں نشیبی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے شہباز شریف کا پیرس ،پیرس میں بارش ہوتو سڑکیں پانی میں نہیں ڈوبتیں،شریف خاندان نے سارا پیسہ رائے ونڈ میں لگا دیا ،قوم نے دیکھ لیا ہے کہ ٹوپی اور لمبے بوٹ پہن کر نکلنا صرف ڈرامہ تھا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکشمی چوک اور جی پی او چوک کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جہانگیر خان ترین ، عبد العلیم خان اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنمابھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر کارکن عمران خان وزیر اعظم کے نعرے لگاتے رہے ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لکشمی چوک میں گاڑی سے نیچے اتر کر بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے پیسہ دیانتداری سے خرچ کیا ہوتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی، شہباز شریف لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرتے ہیں ،یہ ہے شہباز شریف کا پیرس ، پیرس میں بارش ہو تو سڑکیں پانی میں نہیں ڈوبتیں، شہباز شریف باہر نکلنے کے قابل نہیں، عوام میں بڑا غصہ ہے۔ٹوپی اور لمبے بوٹ پہن کر جو ڈرامے کئے گئے عوام نے وہ دیکھ لیا ہے ۔

عمران خان نے جی پی او چوک میں بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھاوے کےلئے اربوں روپے قرض لے کر میٹرو اوراورنج ٹرین بنائی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ آدھے پاکستان کے پاس تعلیم کے مواقع میسر نہیں،جہاں عوام کے پاس تعلیم نا ہو وہ یہی کہے گی کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی تو ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر دیا ہے آج پاکستان کا بچہ بچہ مقروض ہے اب عوام نے خود فیصلہ کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب روپے کی قدر کم ہوتی ہے تو قوم کی غربت بڑھتی ہے ۔ ان کی دولت ، کاروبار اور جائیدادیں باہر ہیں ۔

پاکستان کے بینکوں میں جس کے دس سال پہلے بینک میں 100روپے تھے اس کی قدر آج 50روپے رہ گئی ہے جبکہ دس سال پہلے جو ڈالر یا پاﺅنڈ رکھے گئے ان کی قیمت 200روپے کے برابر ہو گئی ہے ۔حکمران منی لانڈرنگ کر کے امیر سے امیر تر ہو گئے ہیں جبکہ قوم غریب ہو ئی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close