پاکستان

احتساب عدالت کے فیصلے کی خوشی میں پی ٹی آئی کا جشن ،بھنگڑے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دیتے رہے ، قیادت کے حق میں نعرے، مختلف مقامات پر شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے

لندن /لاہور /راولپنڈی /کراچی /پشاور /کوئٹہ /سیالکوٹ/گوجرانوالہ/مریدکے/شیخوپورہ/ننکانہ صاحب/اوکاڑہ/ساہیوال: احتساب عدالت کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف فیصلے کی خوشی میں تحریک انصاف ،عوامی مسلم لیگ اور عوامی تحریک کی جانب سے لاہور سمیت ملک بھر میں بھرپور جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی طرف سے اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کےلئے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے ۔

لندن سمیت پاکستان میں بعض مقامات پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ،لندن میں دونوں جماعتوں کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ،پولیس کی طرف سے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کےلئے سکیورٹی کے پیشگی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سننے کےلئے پی ٹی آئی کے کارکن دوپہر سے ہی دفاتر میں جمع ہونا شروع ہو گئے اور اکٹھے بیٹھ کر فیصلہ سنا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف فیصلہ آتے ہی تحریک انصاف کے کارکنان نے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے جشن منانا شروع کر دیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، رہنماﺅں اور کارکنوں نے فیصلے کی خوشی میں ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں اور گلے مل کر مبارکبادیں دیں ۔

اپوزیشن کی دیگر جماعتوں عوامی مسلم لیگ اور عوامی تحریک کی جانب سے بھی فیصلے کی خو شی میں جشن منایا گیا ۔احتساب عدالت کے فیصلے کی خوشی میں مختلف مقامات پر شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے ۔مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شاہراہوں پر آکر ہر آنے جانے والے کو مٹھائیاں بھی پیش کیں ۔پی ٹی آئی کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ ، ان کی اہلیہ مسرت چیمہ نے کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ مرکزی انتخابی دفتر میں فیصلہ سنا اورمریم نواز کی نا اہلی کی خوشی میں حلقہ این اے 127میں بھرپور جشن منایا ۔ اس موقع پر کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ جمشید چیمہ کے حمایتیوں نے فیصلے کی خوشی میں دو من مٹھائی تقسیم کی ۔ دیگر حلقوں سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کی جانب سے اپنے انتخابی دفاتر میں جشن منایا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ بعض مقامات پر ریلیاں بھی نکالی گئیںجس میں شرکاءسارے راستے اپنی قیادت کے حق میں اور (ن) لیگ کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈیفنس میں لالک جان چوک اور شاہدرہ میں بھی فیصلے کی خوشی میں جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔عوامی تحریک کے کارکنوں نے بھی پانامہ فیصلے کی خوشی میں مرکزی سیکرٹریٹ میں جشن منایا جہاں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے خود نعرے لگوائے ۔

ملتان ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ،مریدکے سمیت ملک کے مختلف مقامات پر بھی تحریک انصاف سمیت عوامی مسلم لیگ اور عوامی تحریک کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کی خوشی میں جشن منایا گیا ۔پی ٹی آئی کے رہنماﺅں نے کہا کہ احتساب عدالت نے تاریخی فیصلہ سنایا ہے ، ملک میں پہلی بار طاقتور ترین خاندان کا احتساب ہوا اور اس سے نئے پاکستان کی بنیاد پڑ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نوشتہ دیوار پڑھ لیں عوامی عدالت سے بھی ان کے خلاف فیصلہ آئے گا بلکہ عوام اربوں روپے کی لوٹ مار کا حساب لینے کے لئے بے چین ہیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close