پاکستان

نقیب اللہ قتل کیس:ملزم راوانوار کی ضمانت منظور

ملزم معطل ایس ایس پی راو انوار کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا،ضمانت 10 لاکھ روپے کے عوض منظور کی گئی

کراچی: نقیب اللہ قتل کیس میں ملزم راو انوار کی ضمانت منظور ہوگئی۔کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ کے قتل کے ملزم راو انوار کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزم معطل ایس ایس پی راوانوار کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے راو انوار کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔ملزم کے وکیل عامر مرغوب کے مطابق راو انوار کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے عوض منظور کی گئی۔

عدالت نے سابق ایس ایس پی ملیر راو انوار کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ 4 جولائی کو محفوظ کیا تھا۔13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راو انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔

جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔سوشل میڈیا صارفین اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راو انوار روپوش ہوگئے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنادیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close