اہم خبریںپاکستان

پشاور : خودکش دھماکہ، اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 12 افراد شہید

دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا، تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا

پشاور:پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور سمیت 12 افراد شہید ہوگئے۔ دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ دھماکے میں 12 افراد شہید ہوگئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے، تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں لائی جاچکی ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 30 کے قریب ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے ان کے پہنچنے پر حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے کے بعد اے این پی کے کارکنان بڑی تعداد میں جائے وقوع اور اسپتال پہنچ گئے۔ اطلاعات ہیں کہ ہارون بلور کے ساتھ ان کے بیٹے دانیال بلور بھی موجود تھے اور وہ بھی زخمی ہوگئے ہیں۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دھماکے میں کم از کم 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔یاد رہے کہ جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے پر 22 دسمبر 2012ء میں اے این پی کے رہنما بشیر بلور پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں بشیر بلور سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے بشیر بلور کو بھی لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے اس وقت ہارون بلور بھی وہاں موجود تھے جو دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے۔

نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشل پارٹی کی کارنر میٹنگ پر دہشت گرد حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہارون بلور اور ان کے ساتھیوں کی شہادتوں پر دل انتہائی مغموم ہے ریاست انتخابی مہم کے دوران تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں کے لیے سیکیورٹی یقینی بنائے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن دہشت گردی کے ذریعے ملک اور جمہوریت پر حملہ آور ہیں یہ عناصر پاکستان اور جمہوریت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ملک کو دہشت گردی سے محفوظ کرنا سب کی ذمہ داری ہے،پیپلز پارٹی پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اے این پی کے کارواں پر حملہ قابل مذمت ہے۔سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اے این پی کی کارنر میٹنگ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close