پاکستان

کوئی سیاسی وابستگی نہیں،عوام جسے چاہیں منتخب کریں:ترجمان پاک فوج

تیسرا الیکشن پاکستان میں جمہوری نظام کو جاری رکھے گا،25جولائی کو عوام اپنا حق اداکرے گی اور ملک کو جمہوری نظام کی طرف لیکر جائےگی،ڈی جی،آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم نے وہ چیزیں بھی برداشت کی ہیں جو عام حالات میں نہیں کرتے جب کہ فوج خلائی نہیں رب کی مخلوق ہے اورعوام جسے منتخب کریں گے ہمیں وہ وزیراعظم قبول ہوگا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہر پریس کانفرنس میں سوال ہوتا رہا کہ انتخابات ہوں گے یا نہیں اور اس حوالے سے شکوک و شہبات کا اظہار ہوتا رہا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ تمام شکوک و شہبات نے دم توڑدیا ہے اور پاکستان انتخابات کی طرف جارہا ہے۔

یہ تیسرا الیکشن ہے جو پاکستان میں جمہوری نظام کو جاری رکھے گا، خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی عوام اور سیاسی جماعتیں اس عمل کو کامیابی سے آگے لیکر جارہی ہیں اور 25 جولائی کو عوام اپنا حق اداکرے گی اور ملک کو جمہوری نظام کی طرف لیکر جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کا کردارالیکشن کمیشن سے تعاون کرناہے تاہم انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، افواج پاکستان الیکشن کمیشن کے حکم پر پہلے بھی الیکشن میں کام انجام دیتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخاب کے دن ووٹر کسی بھی دباﺅ کے بغیر اپنا ووٹ کاسٹ کریں اور جسے چاہیں منتخب کریں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج کو انتخابی عمل میں بے ضابطگی خود دور کرنے کا اختیار نہیں۔ترجمان پاک فوج نے کہا کوئی بھی ترسیل الیکشن کمیشن کے اسٹاف کے بغیر نہیں ہو رہی جب کہ فوج کوئی سیاسی جماعت نہیں، ہم نے غیرسیاسی رہتے ہوئے الیکشن کمیشن کی مدد کرنی ہے۔ ۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں ایسا کونسا الیکشن ہوا ہے، جس سے پہلے کسی سیاسی جماعت یا سیاستدانوں نے دھاندلی کا الزام نہ لگایا ہو، کوئی ایک ایسا الیکشن بتایا جائے جس سے پہلے کسی نے پارٹی نہ تبدیل کی ہو، یہ انتخابات کا وقت ہے اور سیاسی پارٹیاں دوسری پارٹیوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج 15 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، قربانی دے کر ہم نے ملک میں امن قائم کیا جسے ہم قائم رکھیں گے، جس ماحول میں آج انتخابی مہم چلائی جارہی ہے،2013 میں ایسا ماحول نہیں تھا جب کہ اس وقت سیاسی جماعتوں کو دہشت گردوں کی جانب سے جلسہ کرنے پر دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ فوج کو مرکزی مسائل سے ہٹاکر جزوی مسائل میں گھیسٹنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم نے وہ چیزیں برداشت کی ہیں جو عام حالات میں نہیں کرتے، ٹاک شوز میں جس کے دل میں جو آتا ہے کہتا ہے، فوج کا فوکس اہم مسائل پر ہے جب کہ قیادت سے اختلاف پر سیاست دانوں کا پارٹیاں تبدیل کرنا انوکھی بات نہیں، ہر الیکشن سے پہلے ایسا ہوتا ہے یہ باتیں کوئی نئی نہیں ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جنرل فیض سے متعلق بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں، جنرل فیض کا نام لینے والوں کو پتہ نہیں کہ دہشت گردی کی آدھی جنگ جنرل فیض کا ڈیپارٹمنٹ انجام دیتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم ہر پاکستانی کو جاکر کہیں گہ اس کو ووٹ دیں اور اس کو ووٹ نہ دیں، یہ ناممکن ہے، ووٹر جس کو ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں ڈالیں گے اور کونسی جماعت جیتتی ہے یہ 26 جولائی کو پتہ چلے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جس جیپ کو آپ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ ہماری ہے ہی نہیں جب کہ انتخابی نشان جاری کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر سے متعلق سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کیپٹن (ر)صفدر کو سول کورٹ سے سزا ہوئی ہے، جب وقت آئے گا تو فوج کے لیول پر بھی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔خلائی مخلوق کے حوالے سے سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم خلائی نہیں رب کی مخلوق ہیں جب کہ عوام جسے منتخب کریں گے ہمیں وہ وزیراعظم قبول ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close