اہم خبریںپاکستان

منی لانڈرنگ کیس ،پیسہ بلیک منی ثابت ہوا تو نہیں چھوڑیں گے:چیف جسٹس

اگر بشیر میمن اور ان کی ٹیم نے بلاوجہ کسی پر الزام لگایا تو پاکستان میں نہیں رہیں گے،ریمارکس

اسلام آباد:سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر پیسہ بلیک منی ثابت ہوگیا تو چھوڑیں گے نہیں اور اگر بشیر میمن اور ان کی ٹیم نے بلاوجہ کسی پر الزام لگایا تو پاکستان میں نہیں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اس کیس میں پوچھ گچھ کےلئے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کو ہفتے کے روز طلب کیا تھا تاہم بار بار طلب کرنے پر عدم پیشی کے باعث ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔ پیر کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جعلی بینک اکاو¿نٹس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن اور سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر فاروق ایچ نائیک نے استدعا کی کہ عدالت مقدمے کی پبلسٹی روکے، اس پر چیف جسٹس نے مکالمہ کیا کہ اتنی پبلسٹی تو ملے گی جتنی ہم دیں گے۔فاروق نائیک نے کہاکہ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کا شور ڈالا ہوا ہے، پہلے دیکھا جائے کیا سرزد ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تحقیقات ہوں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ایف آئی اے کو معاملے کی انکوائری کااختیار نہیں؟جسٹس عمر عطاءبندیال نے کہاکہ ان اکاونٹس میں جو پیسہ ہے وہ بلیک منی کا ہے  چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آسان الفاظ میں یہ پیسہ چوری کا ہے، حرام کا ناپاک پیسہ ہے، ہم اس پیسے کو ہضم کرنے نہیں دیں گے، اگر ثابت ہو گیا تو چھوڑیں گے نہیں۔
فاروق نائیک نے سوال کیا کہ اگر ثابت نا ہوا تو پھر کیا ہو گا؟ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ثابت نا ہو سکا تو آپ کے موکل کو دیانت داری کا سرٹیفکیٹ دیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ جن کے نام کیس میں آئے وہ انکوائری میں شامل ہوکر کلیئر کرائیں، ڈی جی ایف آئی اے نے کسی کےخلاف جھوٹا مقدمہ بنوایا تو کارروائی کریں گے۔وکیل جواب گزار فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ مقدمے میں بہت سے لوگ بدنام کیے جارہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بشیر میمن اور ان کی ٹیم نے بلاوجہ کسی پر الزام لگایا تو پاکستان میں نہیں رہیں گے، ایف آئی اے کے غلط کام کو سپورٹ نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاونٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں جبکہ اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close