اہم خبریںپاکستان

چودھری پرویزالٰہی نے بہترین حکومت اور مثالی کام کیے: جہانگیر ترین

چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی سے جہانگیر ترین کی ملاقات، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب پر بات چیت، مشاورت جاری رہے گی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین، عبدالعلیم خان، اسحاق خاکوانی اور چودھری ظہیرالدین نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں نومنتخب ایم این اے طارق بشیر چیمہ، میاں عمران مسعود اور سلیم بریار بھی موجود تھے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں نے سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخابات اور آئندہ درپیش چیلنجز پر بات چیت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میں یہاں چودھری صاحبان کی مرکز اور صوبے میں پی ٹی آئی کی حمایت پر شکریہ ادا کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں بہترین حکومت اور مثالی کام کئے، شہبازشریف نے 10 سال میں صوبے کا برا حال کر دیا تھا، اب ہم نے تمام منصوبوں اور شعبوں میں بہتری لانی ہے، شہبازشریف نے حکومت کے علاوہ 56 کمپنیاں بنائیں جن کے کیس آج نیب میں چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے پرویزالٰہی کے نام کی تختی والے منصوبوں کو بند کیا جبکہ 2002ءسے 2007ءتک جو کام پرویزالٰہی نے کیے آج تک نہیں ہوئے، پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لائیں گے اور ہر ادارے کا آڈٹ کروائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے کہا کہ ملاقات میں آئندہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باالخصوص لوکل باڈیز کے حوالے سے بات چیت ہوئی کہ نیا بلدیاتی نظام متعاروف کروایا جائے گا۔
جہانگیر ترین، طارق بشیر چیمہ اور ہم خود 1983ءسے بلدیاتی نظام سے منسلک ہیں، شہبازشریف نے لوکل باڈیز سسٹم کو بری طرح تباہ کر دیا ہے ہم نئے نظام کے تحت اختیارات اور فنڈز کی تقسیم نچلی سطح پر لائیں گے۔ شہبازشریف نے صوبے میں شیخ چلی جلسے منصوبے بنائے اور کام کئے اور مالی طور پر صوبہ کو برباد کر دیا، ہسپتالوں، ایجوکیشن ہر سطح پر تباہی مچائی، ہماری نیت، سوچ اور ارادے ٹھیک ہیں، حالات اب بہتر ہوں گے، سپیکر شپ حاصل ہونے کے بعد میرا ٹارگٹ صوبے، ملک اور عام آدمی کے مفاد کیلئے کام کرنا ہو گا، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں گا، پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا کام 75 فیصد مکمل ہو چکا تھا اسے مکمل کریں گے، شہبازشریف نے ماڈل ٹاﺅن میں 14 بیگناہ افراد کا خون کیا، ان کو وہیں جانا چاہئے جہاں کے یہ مستحق ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close