اہم خبریںپاکستان

پاکستان بھر میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائےگی

اسلام آباد/لاہور /کراچی/کوئٹہ/پشاور/ریاض/دبئی :ملک بھر میں عیدالاضحی 10ذوالحج(بروزبدھ)کو مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ،سعودی عرب سمیت خلیجی اور بعض یورپی ممالک میں کروڑوں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے عیدالاضحی منائی اور جانوروں کی قربانی کی جبکہ پاکستان کے مختلف مقامات پر بھی عید الاضحی کا تہوار منایا گیا۔
عید الاضحی کی مناسبت سے آج بروز بدھ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں نمازعید کے ہزاروں اجتماعات ہوں گے جس میں علما ءکرام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالیں گے ۔ نماز کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیںمانگی جائیں گی۔
بعد ازاں لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹے کےلئے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے ۔ تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے جبکہ مشکوک گاڑیوں کی تلاشی جبکہ تمام راستوں پر بھی پولیس کی جانب سے اضافی چوکیاں اور دستے تعینات کردیئے گئے ہیں ۔عید الاضحی کے موقع پر تمام اہم مساجد اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت ہوں گے ۔
سعودی عرب سمیت خلیجی اور بعض یورپی ممالک میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی ۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے دیگر شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں حاجیوں سمیت لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔عیدالاضحی کاسب سے بڑا اجتماع مسجدالحرام اور مسجدنبوی میں ہوا جس میں فرزندانِ اسلام نے نماز عید ادا کی ۔
منی، مکہ، مدینہ، جدہ اور دیگر شہروں میں خصوصی مذبح خانوں کا اہتمام کیاگیا ۔گورنر مکہ شہزادہ خالدالفیصل اور نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر نے جمرات پر رمی کی اور دونوں نے مسجد الحرام پہنچ کرطواف بھی کیا جبکہ گورنرمکہ اور ان کےنائب نے حج انتظامات کی نگرانی کی اور سہولیات کاجائزہ بھی لیا۔متحدہ عرب امارات میں بھی نماز عیدالاضحی کے اجتماعات ہوئے جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کے گلے لگ کر عید کی مبارکبا دی اور پھر سنت ابراہیمی کی پیروی کے لیے مذبح خانوں کا رخ کرلیا۔
برطانیہ سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں بھی عید منائی گئی ، امریکہ کی کچھ ریاستوں میں بھی عید منائی گئی جبکہ کچھ لوگ آج (بدھ ) عید منائیں گے۔افغانستان میں بھی منگل کے روز عیدالاضحی منائی گئی جہاں افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے دارالحکومت کابل کے صدارتی محل میں نماز عید ادا کی۔اس طرح پاکستان میں بھی بوہری برادری نے منگل کے روز عید الاضحی گئی۔
کراچی میں بوہری کمیونٹی کا نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع صدر کی طاہری مسجد میں ہوا، اس کے علاوہ پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی، نارتھ ناظم آباد اور حیدری کے علاقوں میں بھی نمازعید کے اجتماعات ہوئے۔ نماز عید کے موقع پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے اور بوہری مساجد جانے والے راستے بند کر دیئے گئے ۔نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں اورایک دوسرے کومبارک باد دی۔ بوہری برادری کی جانب سے نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close