اہم خبریںپاکستان

میرے اور صدر ممنون حسین کے درمیان بہت فرق ہے جو عوام کو نظر آئےگا:عارف علوی

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرے اور صدر ممنون حسین کے درمیان بہت فرق ہے جو عوام کو نظر آئے گا،صوبوں میں بڑے بڑے تضاد ہیں اور آئین کے مطابق صوبوں میں یکجہتی صدر کی ذمہ داری ہے ،پاکستان کا بیگاڑبہت پرانا ہے اور جو آگ لگی ہوئی ہے اسے بجھانے اور پھر سر سبز کرنے میں کچھ وقت لگے گا،عمران خان کی حکومت میں پاکستان کا اچھا وقت شروع ہورہا ہے ،پی ٹی آئی اداروں کو مستحکم کرنے اور ملک کو آگے لے جانے کے راستے بنائے گی ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے ناشتے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر نامزد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم سوری ، عامر ڈوگر، راجہ ریاض اور دیگر بھی موجود تھے ۔ عارف علوی نے کہا کہ صوبوں میں یکجہتی اور اتفا ق کےلئے ضروری ہے کہ تمام لوگ برابر ہوں ،آ ج چھوٹے صوبے وفاق پر بھروسہ نہیں کرتے ۔ عمران خان انسانوں کو دیکھتے ہیں اور ہمارے دور میں تمام صوبوں میں برابری آئے گی اور تمام صوبوں کے لوگوں کو تعلیم ، صحت ، ترقی اور نوکریوں کے یکساں مواقع میسر ہوں گے ،اس کے لئے کوششیں شروع بھی کر دی گئی ہیں اور کچھ دنوںمیں نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بیگاڑ بہت پرانا ہے ، جو آگ لگی ہوئی ہے وہ بھی پرانی ہے اسے بجھانے میں وقت لگے گا اور پھر سر سبز کرنے کے لئے بھی وقت درکار ہے ۔ عمران خان کی حکومت میں پاکستان کا اچھا دور آرہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کی گروتھ ساڑھے آٹھ فیصد ہے ۔ جب یہاں بھی معیشت کو سنبھالا ملے گا تو گروتھ بڑھے گی جس سے ترقی ہو گی اور پاکستان کی معاشی ترقی میں زیادہ دن نہیں لگنے ۔ ایک مرتبہ نیچے جاتی معیشت کو سہارا دیدیا تو ہمارے ملک اور لوگوں میں ہمت ہے کہ وہ اسے خود اٹھا لیں گے ۔
راستہ بنانے کی ضرورت ہے اور وہ راستہ پی ٹی آئی بنائے گی ۔ ہم محنت کریں گے اور گائیڈ لائن دیں گے اور بہتری کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروںکو مضبوط کریں گے خصوصاً آمدن والے اداروں کی کارکردگی بہتر کی جائے گی ،ایکسپورٹ بڑھائیں گے اور زراعت پر توجہ دی جائے گی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close