اہم خبریں

پورے ملک کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک کرینگے:عمران خان

ہری پور:وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پودالگا کر ٹین بلین ٹری سونامی کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے اور کہاہے کہ پورے ملک کو سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک کرینگے،آئندہ پانچ سالوں میں 10 ارب پودے لگائے جائیں گے، گرین پاکستان مہم کا حصہ بن کر آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جا سکتا ہے، ہمارے گلیشیئرز پگھل رہے ہیں، شجرکاری نہ کی تو آئندہ سالوں میں ہمارا ملک ریگستان بن جائے گا ۔اتوار کو ضلع ہری پور میں پودا لگا کر 10 بلین ٹری سونامی کا باضابطہ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں آئندہ پانچ سال کے دوران دس ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ہمارا مقصد پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب کرنا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے، درخت آکسیجن فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لئے شجرکاری اور صفائی کو سکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا جبکہ بچوں کو صفائی اور شجرکاری کے حوالے سے ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ہمارا ملک ساتویں نمبر پر ہے۔ گرین پاکستان مہم کا حصہ بن کر آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جا سکتا ہے، جہاں بھی خالی زمین میسر ہو گی وہاں پودے لگائیں گے، اگر درخت نہ لگائے تو ملک ریگستان بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی طور پر پورے ملک میں دو سو مقامات پر یہ مہم شروع کی کی ہے، 10 ارب پودے لگانے کا ہمارا ہدف ہے، یہ مہم آئندہ پانچ سال تک ملک بھر میں جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سارے پاکستان کو ہم نے ہرا کرنے کا ارادہ کر لیا ہے، یہ کسی ایک فرد کا مسئلہ نہیں پوری قوم کا مقصد ہے، ہمارے گلیشیئرز پگھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں بڑے پیمانے پر پودے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگلات تباہ ہو چکے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے ”پلانٹ فار پاکستان“ شجرکاری مہم کے تحت ضلع ہری پور میں پودا لگا کر ”10 بلین ٹری سونامی“ منصوبے باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز ملک کے بڑے شہروں میں 15 لاکھ پودے لگائیں جائیں گے جبکہ سرکاری محکمہ جات، ملٹری فورسز، این جی اوز، طالب علم اور شہریوں کی بڑی تعداد ”پلانٹ فار پاکستان“ شجرکاری مہم میں حصہ لے رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close