اہم خبریںپاکستان

مشیر وزیراعظم بابر اعوان کیخلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں نیب ریفرنس دائر‘ عہدے سے مستعفی

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر پر بابر اعوان اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف مقدمہ دائر کردیاجس کے بعد مشیر وزیراعظم بابر اعوان نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔نیب راولپنڈی کے مطابق نندی پور پراجیکٹ میں تاخیر پر وزیراعظم عمران خان کے مشیر بابر اعوان اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
ریفرنس میں سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود، سابق سینئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر ریاض محمود، سابق سیکرٹری قانون مسعود چشتی، سابق سیکریٹری قانون جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی، سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ریفرنس کے مطابق ان تمام ملزمان کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ نندی پور معاہدے کے لئے وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون سے رائے مانگی تو وزارت قانون نے صرف رائے دینے میں 2 سال لگا دیے، تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزمان نے جان بوجھ کر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔
بابر اعوان اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت میں وزیر قانون اور راجہ پرویز اشرف وزیراعظم تھے۔تاخیر کی وجوہات جاننے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر 2011 میں نندی پور تحقیقاتی کمیشن قائم کیا گیا تھا۔ کمیشن نے رپورٹ میں وزارت قانون کے افسران کو تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا۔ وزارت قانون نے معاملہ نیب کو بھجوایا جس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
بعد ازاںوزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کے خلاف ریفرنس دائر ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنما نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔بابر اعوان نے استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھجوادیا، اس حوالے سے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ کرسی سے چمٹے رہنے کی بجائے مستعفی ہونے کو ترجیح دی۔انہوں نے بتایا کہ ہاتھ سے استعفیٰ لکھ کر کپتان کو بھجوا دیا ہے لیکن عدالت میں ڈٹ کر بے گناہی ثابت کروں گا۔بابر اعوان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی خود سے شروع ہوتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close