اہم خبریں

یومِ دفاعِ پاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے،تمام ہمسائیوں سمیت پوری دنیا کےساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں،عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کےلئے اپنا کردار ادا کریں،دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھر پور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہمارے ملی اتحاد و یکجہتی کا بہترین عکاس ہے، رواں سال یوم دفاع پاکستان نہایت منفرد ہے کیونکہ افواجِ پاکستان نے اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کی وجہ سے مادرِ وطن کے استحکام کو مزید دوام ملا ہے۔
”ہمیں پیار ہے پاکستان سے“کا عنوان پوری قوم کی امنگوں اور جذبے کا ترجمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم ِدفاع کا جذبہ صرف 6ستمبر تک محدود نہیں بلکہ اسی کی حقیقی روح سال بھر زندہ رہتی ہے۔ اہلِ پاکستان اورافواجِ پاکستان کا یہ جذبہ پوری دنیا دیکھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص گزشتہ 17سالوں میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والی کٹھن اور غیر روایتی جنگ میں جس طرح ہمارے بچوں،جوانوں، بوڑھوں اور عورتوں نے قربانیاں دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے شہداءاور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کا فریضہ بخوبی سر انجام دیا۔ میں دہشت گردی او رشدت پسندی کے خاتمے میں افواج پاکستان کی جرات اور بہترین مہارت کو سراہتا ہوں۔
بلاشبہ قومی ترقی، جمہوریت کی مضبوطی اور عالمی امن کے لئے ان کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان پر±امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ ہم اپنے تمام ہمسائیوں سمیت پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیادوں پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر میں عالمی طاقتوں پر زور دینا چاہتاہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور جارحیت کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل خطے کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔ یومِ دفاع پاکستان کا منایا جانا دراصل دشمن قوتوں کے لئے اس پیغام کا اعادہ ہے کہ قوم نے1965ءاور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جس عزم اورجرات کا مظاہرہ کیا ہے،آئندہ بھی وہ اپنی افواج سے مل کر مادر وطن کی حفاظت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔
مزید یہ کہ ہم سب مل کر قومی مسائل کا مقابلہ قائد کے اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم پر کار بند رہ کر کریں گے۔ آیئے مل کر محنت اور لگن سے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر ان تمام شہداء، غازیوں، ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوںمیں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے منطقی انجام تک بھر پور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close