اہم خبریں

جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی اس کیخلاف آرٹیکل 6کی کارروائی کروں گا‘چیف جسٹس پاکستان

لاہور:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے منرل واٹر کمپنیوں سے متعلق کیس میں بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز کو کل ( اتوار ) کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ لوگوں نے منرل واٹر کی عادت ڈال لی ہے اور اب اس سے نوٹ کمائے جارہے ہیں ،پانی اب سونے سے بھی زیادہ مہنگا ہے مگر اب پانی کی ڈکیتی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے ،ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں، جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کےخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کروں گا۔گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے زیر زمین پانی نکال کر منرل واٹر بنانے والی کمپنیوں سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کی ۔
وفاقی حکومت کے وکیل اور ایم ڈی واسا سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمپنیاں حکومت کو 25 پیسے فی لیٹر ادا کرکے 50 روپے فی لیٹر فروخت کررہی ہیں جبکہ ایم ڈی واسا نے بتایا کہ 2018ءسے قبل پانی فروخت کرنے والی کمپنیاں زمین سے مفت پانی نکال رہی ہیں۔اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پانی بیچنے والی کمپنیاں حکومت کےساتھ پانی نکالنے کا ریٹ طے کر لیں۔دیکھنا ہو گا کہ منرل واٹر میں منرلز ہیں بھی یا نہیں، میں گھر میں خود نلکے کا پانی ابال کر پیتا ہوں کیونکہ میری قوم یہ پانی پی رہی ہے، غریب آدمی آج بھی چھپڑ کا پانی پینے پر مجبور ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لوگوں نے منرل واٹر کی عادت ڈال لی ہے اور اب اس سے نوٹ کمائے جارہے ہیں ،پانی اب سونے سے بھی زیادہ مہنگا ہے اس کی ڈکیتی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ایک بات بتا دوں ماسوائے قوم کی خدمت میرا کوئی مقصد نہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد مجھے کوئی عہدہ آفر کر شرمندہ نہ ہوں ،میں نے آرٹیکل 6 کامطالعہ شروع کر دیا ہے، جس نے ڈیم روکنے کی کوشش کی ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کروں گا۔عدالت نے منرل واٹر کی تمام بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز کوکل ( اتوار ) صبح گیارہ بجے طلب کر لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close