اہم خبریں

موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں امن وامان کا قیام ہے:عمران خان

کراچی : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں امن وامان کا قیام ہے۔ امن کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے۔ وفاقی، صوبائی اور سیکورٹی ادارے رابطوں کے نظام کو مزید بہتر بنائیں تاکہ ملک میں امن وامان کی صورت حال میں مزید بہتری آسکے۔ وفاقی حکومت امن وامان کے قیام میں صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسٹیٹ گیسٹ ہاﺅس کراچی میں امن وامان کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، چیف سیکریٹری میجر (ر) اعظم سلیمان ،کمشنر کراچی صالح فاروقی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام، سیکریٹری داخلہ عبدالقادر قاضی سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری،سیکریٹری داخلہ،ڈی جی رینجرز اور آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو امن وامان سے متعلق صورت حال پر مکمل بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز نے وزیراعظم کو کراچی آپریشن میں رینجرز کے کردار اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی آپریشن کے آغاز سے جرائم میں 90 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن وامان کی صورت حال، کراچی میں جاری جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن اور دیگر امور سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی قربانیوں سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح امن وامان کا قیام ہے۔ امن کے بغیر معاشی ترقی اور استحکام ممکن نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے۔ کراچی میں امن وامان کے مستقل قیام کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہرممکن مدد کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور سیکورٹی ادارے باہمی رابطوں کے نظام کو بہتر بنائیں۔ رابطوں کے نظام میں بہتری سے ملک میں امن وامان کی صورت حال میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیراعظم نے کراچی میں امن قائم کرنے میں رینجرز، پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close