اہم خبریں

آرمی چیف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج پر حملوں میں ملوث تھے، تعلیمی اداروں اور شہریوں پر بھی حملے کیے،آئی ایس پی آر

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، 4 دہشت گردوں کو قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق یہ دہشت گرد مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے، تعلیمی اداروں کو تباہ اور معصوم شہریوں کو قتل کرنے سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد مجموعی طور پر69 افراد کے قتل میں ملوث تھے جس میں 49 سویلین اور 20 مسلح فورسز کے اہلکار شامل تھے جبکہ ان دہشت گردوں نے 148 افراد کو زخمی بھی کیا تھا۔
بیان کے مطابق ان دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا تھا جبکہ انہیں خصوصی فوجی عدالتوں سے سزائیں دی گئی تھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں کے علاوہ 4 مجرمان کو قید کی سزا بھی دی گئی تھی۔آرمی چیف کی جانب سے جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ان میں عین اللہ ولد بشر خان، نائیک ولی ولد گل میر خان، فضل منان ولد عبدالخانان، رحمت زادہ ولد سیف الرحمٰن، زید محمد ولد یوسف حسین، نعمت اللہ ولد عطا اللہ، مسین زادہ ولد نور فارسٹ، محمد رحمٰن ولد عبدالرحیم، عظمت اللہ ولد سلیمان، محمد رقیم ولد فضل جاناں، اکرام خان ولد خان زادہ شامل ہیں۔ان تمام مجرمان نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد انہیں سزائے موت دی گئی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق 4 دہشت گردوں کو قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close