اہم خبریں

عمران خان50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے وزیراعظم ہاوسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے پارٹی منشور کے 50 لاکھ گھروں کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کےلئے وزیر اعظم ہاوسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتھارٹی کی خود نگرانی کرونگا کم آمدنی والے افراد کو گھر دیا جائیگا انتخاب کےلئے نادرا سے مدد لی جائیگی، جب گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوگا تو اس سے منسلک تقریباً 40 صنعتیں فعال ہوجائیں گی جن سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا ،پاکستان کو 10 سے 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس کےلئے دوست ممالک اور انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ سے بات چیت کی جائےگی ،پی ٹی آئی کی حکومت نے آکر جو اقدامات کیے ہیں ان کے اثرات 6 مہینوں بعد نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔
بدھ کو نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعظم ہاوسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس اتھارٹی کی نگرانی کریں گے۔پاکستان میں گھروں کی تعمیر سے متعلق عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت آئندہ 5 سالوں میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ گھر منصوبے میں حکومت کا کام رکاوٹیں دور کرنا ہوگا اور ترقیاتی کام پرائیوٹ سیکٹر کرے گا اور اس منصوبے میں غیرسرکاری تنظیموں کو بھی شامل کریں گے جس میں اخوت بھی شامل ہے جس نے بے گھروں کو اپنا گھر دینے میں زبردست کام کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ منصوبے کےلئے ایک اتھارٹی بنائیں گے جو 90 روز میں منصوبے سے متعلق فریم ورک مکمل کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان گھروں کم آمدنی والے افراد کو دیا جائے گا اور ان کے انتخاب کےلئے نادرا سے مدد لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جب ان گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوگا تو اس سے منسلک تقریباً 40 صنعتیں فعال ہوجائیں گی جن سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ گھر بنانے کے منصوبے میں نوجوانوں کو تعمیرات کی کمپنیاں بنانے میں حوصلہ افزائی ملے گی۔وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب کے دوران سب سے پہلے وفاقی ملازمین کےلئے ہاوسنگ سوسائٹی بنانے کا اعلان کیا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان کو 10 سے 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس کےلئے دوست ممالک اور انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close